سی ڈی اے ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر پر کام جاری‘ کھدائی کا کام مکمل کرنے کے بعد، لین کنکریٹ پر کام شروع کردیا گیا

ہفتہ 14 دسمبر 2019 17:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی ای) ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر پر کام جاری ہے، کھدائی کا کام مکمل کرنے کے بعد، لین کنکریٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ورکس ونگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ کیپٹل ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر کا کام ستمبر میں شروع کیا گیا تھا جو اب بھر پور طریقے سے جاری ہے۔

اس ضمن میں عمارت کی کھدائی کا کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے جبکہ اسٹیل کے باندھنے کی رافٹ فو ٹنگ کا عمل جاری ہے۔ سی ڈی اے ترجمان کے مطابق کام کے معیار اور کام کی رفتار کو بھی یقینی بنانے کے لئے موثر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ حکام کی ہدایت کے مطابق، تعمیراتی کام زیادہ تر او پی ڈی کے اوقات کے بعد یا اس وقت ہوتا ہے جب ہسپتال میں مریضوں کی آمد نسبتاًکم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، حفاظتی مقصد کے لئے زیر تعمیر بلڈنگ کی مناسب حد بندی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑہے۔ بہت سے دوسرے منصوبوں کی طرح، سی ڈی اے اسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر بھی سالوں سے تعطل کا شکار رہی، تاہم، موجودہ انتظامیہ نے اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر، نہ صرف اس منصوبے کے لئے فنڈ مختص کیے بلکہ منصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کیں اور باضابطہ طور پر اس منصوبے پر کام شروع کیا تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

پانچ منزلہ اضافی بلاک میں 100 بستروں کی سہولت ہوگی جس میں ائر کنڈیشنگ، بجلی کا کام اور جنریٹرز کی تنصیب اور دیگر متعلقہ سہولیات بھی شامل ہیں۔ مزید برآں اس بلاک میں آئی سی یو اور سی سی یو کے شعبے قائم کی جائیں گے۔ اس منصوبے پر تخمینہ لاگت 168 ملین ہے۔ سی ڈی اے اسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر سے نہ صرف سی ڈی اے کے ہزاروں ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین بلکہ پرائیویٹ مریضوں کو بھی جدید طبی سہولیات ملے سکے گی۔ انجینئرنگ ونگ کے متعلقہ شعبہ کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ کام کی رفتار اور کام کی بہترین کوالٹی کو جاری رکھتے ہوئے اسکی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں