دیرینہ مسئلہ حل کرانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں، سرجن ڈاکٹر محمد افضل

جمعہ 17 جنوری 2020 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرجن ڈاکٹر محمد افضل نے گزشتہ تین حکومتوں سے زیر التواء معاملہ حل اور اپنی اراضی واگزار ہونے پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، بہت جلد تارکین وطن پاکستانی وطن آ کر سرمایہ کاری کریں گے۔

جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میرا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2003ء میں، انہوں نے اسلام آباد میں اراضی خریدی جس پر بعد میں ایک مشہور قبضہ گروپ نے قبضہ کر لیا، اس وقت سے لیکر اب تک تین حکومتیں گزر چکی ہیں لیکن کسی حکومت نے ان کے مسئلے پر توجہ نہیں دی لیکن پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے اس مسئلے کو حل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور بالخصوص وزیراعظم عمران خان تارکین وطن کے مسائل پر بھرپور توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ ہم بہت جلد یہاں ایک بڑی سرمایہ کاری لے کر آ رہے ہیں اور یہاں ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی اور ہسپتال بھی قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تارکین وطن پاکستانیوں کا بھی اعتماد بحال ہو رہا ہے جس کی بدولت جلد بہت سے تارکین وطن سرمایہ کاری لائیں گے۔ انہوں نے تارکین وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے وزیراعظم شکایات پورٹل پر اپنی شکایات درج کرائیں، موجودگی دور حکومت میں ان کے مسائل ضرور حل ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں