جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ

امیگریشن کائونٹرز کی تعداد7 سے بڑھا کر 10 کردی گئی ہے، ترجمان سول ایوی ایشن ڈویژن کا اعلامیہ

ہفتہ 18 جنوری 2020 23:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا۔ترجمان سول ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر رش کے باعث اوور سیز پاکستانیوں اور دیگر مسافروں کو سہولیات دینے کے لئے امیگریشن کائونٹرز کی تعداد7 سے بڑھا کر 10 کردی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہر کائونٹر پر 2 امیگریشن آفیسر متعین کئے جائیں گے، ان کائوئنٹرز پر عملہ رکھنا ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے۔ ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں، ملکی ترقی کیلئے زرمبادلہ بھیجنے والوں، بزرگ شہریوں، معذور افراد، تنہا خواتین اور بچوں کے لئے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح غیر ملکی پاسپورٹ، سفارتکاروں، بزنس کلاس مسافروں اور مجاز سرکاری حکام کیلئے بھی علیحدہ امیگریشن کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ڈی ایٹ ممالک کے شہریوں کے لئے امیگریشن معلومات اور عملے کے لئے بھی کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ کائونٹرز کی تعداد میں اضافے سے پروازوں کی تاخیر میں کمی اور مسافروں کو سہولت ہو گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر غیر ملکی مسافروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں