بھارتی ہائی کمیشن کا ایک سینئر سفارتکار دفتر خارجہ طلب

پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کو حوالے سے انفرادی اور من گھڑت واقعات پر بھارت کے بے بنیاد پراپیگنڈے کو مسترد کیا گیا‘ ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 18 جنوری 2020 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) بھارتی ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارتکار کوہفتہ کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کو حوالے سے انفرادی اور من گھڑت واقعات پر بھارت کے بے بنیاد پراپیگنڈے کو مسترد کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سفارتکار پر زور دیا گیا کہ اس طرح کے حربوں سے اقلیتوں کے خلاف بھارت کی امتیازی پالیسیوں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی پر کی جانے والی تنقید سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔

(جاری ہے)

بھارت کوآگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے تحت مکمل تحفظ اور حقوق حاصل ہیں اور زور دیا گیا کہ پاکستان کا قانونی نظام اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔بھارتی حکام سے کہا گیا کہ وہ اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے ہمسایہ ممالک کی اقلیتوں کے مسائل پر ڈرامہ بازی سے باز رہیں اور اپنے معاملات ٹھیک رکھنے پر توجہ مرکوز رکھیں اور بھارتی اقلیتوں کا موثر تحفظ یقینی بنائیں کیونکہ اس کی پراپیگنڈہ مہم کی وجہ سے ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے واقعات اور نفرت پر مبنی جرائم مسلسل رونما ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں