ترجمان وزارت منصوبہ بندی ظفر الحسن کا سی پیک پر امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کے بیان پر ردعمل

جمعرات 23 جنوری 2020 18:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) ترجمان وزارت منصوبہ بندی ظفر الحسن نے سی پیک پر امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر آئی کے تحت سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی کیلئے میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو شامل کرنے کی جانب اہم قدم ہے، فیز 1 میں اب تک مکمل ہونے والے منصوبوں کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے فیز ون سے منافع اور ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد حاصل کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔ سی پیک منصوبہ ملک میں معاشی ترقی کو فروغ اور پاکستانی عوام کیلئے حتمی خوشحالی کو یقینی بنانے اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہونے کے ناطے باہمی بنیادوں پر دنیا بھر سے معاشی شراکت داروں کے انتخاب کا حق رکھتا ہے۔

تمام منصوبوں کو پاکستان کے قوانین اور ضوابط کے مطابق اور ایک ادارہ جاتی میکنزم کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت کو ترجیح دی جاتی ہے، کسی بھی منصوبے کو حتمی شکل دینے سے پہلے تمام مالی مضمرات کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قرض مستحکم حکمت عملی کی بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بھی توثیق کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں