چیئرمین ساجد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سرحدیں و ریاستی امور کا اجلاس

سیکرٹری، پاکستان میڈیکل کمیشن نے ملک کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں فاٹا کے طلباء کیلئے نشستیں دگنا کرنے سے متعلق کمیٹی کی سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی

جمعرات 23 جنوری 2020 18:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سرحدیں و ریاستی امور (سیفران) کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ساجد خان کی صدارت میں جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کو سیکرٹری، پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے ملک کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں فاٹا کے طلباء کیلئے نشستیں دگنا کرنے سے متعلق کمیٹی کی سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ فاٹا کے طلباء کا کوٹہ دگنا کرنے پر سوائے بلوچستان کے باقی صوبوں میں نشستیں پہلے ہی بڑھا دی گئی ہیں۔

کمیٹی نے سیکرٹری پی ایم سی، ایچ ای سی اور سیکرٹری سیفران کا مسئلہ حل کرنے میں ان کی بھرپور کوششوں اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کمیٹی نے سیکرٹری سیفران کو ہدایت کی کہ وہ حکومت بلوچستان سے ذاتی طور پر رابطے کرکے بولان میڈیکل کالج میں کوٹہ کو دگنا کرنے حوالہ سے 2 مارچ 2017ء کے کابینہ کے منعقدہ اجلاس کے فیصلہ پر عملدرآمد کرائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری پی ایم سی نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت بلوچستان اور فاٹا کے طلباء کیلئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں نشستیں پہلے ہی بڑھا دی گئی ہیں اور اس حوالہ سے ایچ ای سی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کمیٹی کے ممبران نے میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے اور ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی تاخیر کے بغیر میرٹ کی لسٹ کو حتمی شکل دیں اور ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں اور کمیٹی کو واپس رپورٹ پیش کریں۔ کمیٹی نے سیکرٹری پی ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ فاٹا کے طلباء کیلئے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ کی تاریخ میں توسیع کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر ایچ ای سی سے درخواست کریں۔

اس موقع پر سیکرٹری زکوة و عشر خیبرپختونخوا نے بھی کمیٹی کو ضم شدہ اضلاع میں زکوة کی تقسیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں زکوة اور عشر کونسل پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہے، ضم شدہ اضلاع کیلئے ان کی آبادی کی بنیاد پر زکوة فنڈ کے 146.268 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں مقامی زکوةکمیٹیاں تشکیل دیئے جانے کے بعد زکوة فنڈ ریلیز کر دیا جائے گا۔

کمیٹی نے گزارہ الاؤنس اور جہیز الاوئنس میں اضافہ کرنے اور مستحق افراد میں زکوة تقسیم کرنے کا طریقہ کار وضع کرنے کی سفارش کی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے سیکرٹری زکوة و عشر، خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ میں 2003-04ء سے کام کرنے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ مستقل کرنے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے آ ئندہ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور سی اینڈ ڈبلیو کے محکموں کو طلب کر لیا تاکہ ضم شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی جائے۔

اجلاس میں ایم این ایزنے شرکت کی ان میں صالح محمدخان شاہد احمد، گل داد خان، گل ظفر خان، محمد اقبال خان، عبدالشکور شاد، عالیہ حمزہ ملک، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، محمد افضل کھوکھر، محمد جمال الدین، علی وزیر اور وزارت سیفران کے حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں