پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید کی لاہور میں فنکاروں، دانشوروں اور لکھاریوں سے ملاقات

جمعرات 23 جنوری 2020 18:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید نے لاہور میں فنکاروں، دانشوروں اور لکھاریوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فن اور فنکاروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر ملک کے نامور فنکاروں اور آرٹ کے اداروں کے سربراہوں عثمان پیرزادہ، ثمینہ پیرزادہ، ناہید صدیقی، فریحہ پرویز، شاہد محمود ندیم، ثروت علی، محمد وسیم، رئیس صغیر، سمن رائے، منیزہ ہاشمی، غزالہ رحمان، غزالہ عرفان اور فریدہ بتول سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

فوزیہ سعید نے فنکاروں اور فنونِ لطیفہ کی ترقی اور فنکاروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈاکٹر شفقت محمود، فلم انڈسٹری اور دیگر فنون کی ترقی و ترویج کے لئے کوشاں ہیں اور اِس شعبہ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے شاکر علی میوزیم کی عمارت کی حالت کو بہتر کرنے کے لئے ماہرین سے رائے طلب کی۔

ڈاکٹر فوزیہ سعید نے فلم پروڈیوسر ایسو سی ایشن کے صدر امجد شیخ اور نائب صدر مومنہ دورید سے بھی ملاقات کی اور انہیں پی این سی اے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی دعوت دی۔ دونوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے جلد اسلام آباد میں ملاقات کر نے کا کہا۔ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے آرٹ سے متعلق مسائل اور اٴْنکے حل کے لئے تجاویز پیش کرنے کے لئے عائشہ جتوئی، عائشہ ارشاد شاہنواز، سلیمہ ہاشمی، مصطفی جعفری، ثروت علی، فوزیہ قریشی، صبا خان، غزالہ رحمان، فریدہ بتول، نیئر علی دادا اور شاہد محمود ندیم پر مشتمل ارکان کی کمیٹی بنائی جو آئیندہ کا لائحہ عمل تیار کریں گی۔

ملاقات کرنے والے فنکاروں نے فوزیہ سعید کو ڈی جی، پی این سی اے بننے پر مبارکباد دی اور پی این سی اے کو لوک ورثہ کی طرح متحرک بنانے کی توقع کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں