نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے شدید برف باری سے شاہراہ قراقرم کے متاثرہ حصوں سے ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا

جمعرات 23 جنوری 2020 22:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے شدید برف باری سے شاہراہ قراقرم کے متاثرہ حصوں سے ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا ہے اور اب یہ شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔اسی طرح این ایچ اے کی کاوشوں سے لواری ٹنل کے نارتھ اور سائوتھ پورٹل سے بھی برف ہٹا کر سڑک کو کلیئر کردیا گیا ہے اور سڑک ہرطرح کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لواری ٹنل کے دونوں طرف اوسطاً ایک سے ڈیڑھ میٹر تک برف ریکارڈ کی گئی۔ این ایچ اے کے افسران ،سٹاف اور روٹین مینٹی نینس کنٹریکٹر کے عملہ نے بغیر کسی تاخیر سے برف ہٹانے کیلئے ضروری بلڈوزر،گریڈرز اور ٹریکٹرز موقع پر پہنچائے اور برف ہٹانے کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا ، جس کے نتیجہ میں لواری ٹنل اور اس سے منسلک سڑک ہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں پاک۔چین دوستی کی علامت شاہراہ قراقرم گلگت ، بلتستان کیلئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔806کلومیٹر طویل اس شاہراہ کو سارا سال کھلا رکھنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ایف ڈبلیو او کی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔شاہراہ قراقرم کا سوست۔خنجراب سیکشن سخت سردی اور برف باری سے متاثر ہوا ہے۔ موجودہ شدید بارشوں اور برف باری کے سیزن میں شاہراہ کو لینڈسلائیڈنگ اور برف باری سے کلیئر کرنے کیلئے فوری عملی اقدامات عمل میںلائے گئے ہیں،جس کی بدولت اس وقت شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں