ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کے کیس ایک ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں، وفاقی محتسب طاہر شہباز کی اداروں کو ہدایت

وفاقی محتسب نے 2019 میں 74689 شکایات کے فیصلے کیے، نادرا کے خلاف 3948, پاکستان پوسٹ آفس 3321 اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے خلاف 1263شکایات موصول ہوئیں، میڈیا کو بریفنگ

جمعہ 24 جنوری 2020 00:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) وفاقی محتسب طاہر شہباز نے کہاہے کہ وفاقی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کے کیس ایک ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں۔وفاقی محتسب طاہر شہباز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی محتسب نے 2019 میں 74689 شکایات کے فیصلے کیے، تاریخ میں ابتک کسی ایک سال میں یہ سب سے زیادہ فیصلے ہیں۔

طاہر شہباز نے کہاکہ شکایت کنندگان کی سہولت کے لئے سکائپ اور موبائل پر شکایت وصولی کا سلسلہ شروع کیا گیا، جیلوں کی اصلاح کے لئے سپریم کورٹ کو عملدرآمد کی چار رپورٹس پیش کی گئیں، سال 2019 میں 73059 شکایات درج ہوئیں۔طاہر شہباز نے کہاکہ سال 2019 میں 2018 کے مقابلے میں شکایات 7.69 فیصد زیادہ ہیں، فیصلوں پر نظرثانی اور صدر پاکستان کو اپیلوں کی شرح ایک فیصد رہی۔

(جاری ہے)

طاہر شہباز نے کہاکہ سب سے زیادہ شکایات بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کی گئیں، بجلی سپلائی کمپنیوں کے خلاف 32421شکایات درج ہوئیں۔طاہر شہباز نے کہاکہ جن میں سے 32277 شکایات کے فیصلے کیے گئے، سوئی گیس کے خلاف 8598 شکایات موصول ہوئیں، نادرا کے خلاف 3948, پاکستان پوسٹ آفس 3321 اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے خلاف 1263شکایات موصول ہوئیں۔

طاہر شہباز نے کہاکہ پاکستان بیت المال کے خلاف 1093، ریلوے 965 اور آئی بی کے خلاف 892 شکایات موصول ہوئیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خلاف 627 اور ای او بی آئی کے خلاف 705 شکایات موصول ہوئیں، سال 2019 میں وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح 87.2 فیصد رہی، اکثر شکایات پر فریقین کی رضا مندی سے عملدرآمد ہوگیا۔طاہر شہباز نے کہاکہ وفاقی محتسب نے 23281 شکایات پر وفاقی اداروں کو سفارشات اور ہدایات جاری کیں، جن میں سے 20658 پر عملدرآمد ہوچکا ہے جبکہ 1092 فیصلوں پر عملدرآمد ہونا باقی ہے، 420 شکایات پر عملدرآمد کی مدت گزر چکی ہے جس ہر کاروائی جاری ہے۔

طاہر شہباز نے کہاکہ دو ہزار انیس میں آگاہی کے لئے ایوان صدر اور گورنر ہاؤسز میں سیمینار منعقد کیے گئے، وفاقی محتسب نے او سی آر کے نام سے پائلٹ پروگرام شروع کیا۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی محتسب کی کاوشوں سے جیلوں میں کافی بہتری آئی ہے، قیدیوں کو علاج اور مفت تعلیمی سہولیات فراہم کی گئیں۔وفاقی محتسب نے کہاکہ ذہنی مریض قیدیوں کو عام قیدیوں سے الگ رکھنے کی ہدایت کی گئی، تعلیمی اداروں میں جاکر ہمارے آفیسرز نے لیکچرز دئیے، طاہر شہباز نے کہاکہ ہم نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر ون ونڈو ڈیسک قائم کیے، جہاں بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق چودہ اداروں کے ذمہ داران چوبیس گھنٹے شاکایات کا ازالہ کرتے ہیں، وفاقی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کے کیس ایک ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں