ملک بھر کے 15 مقامات پر پولیو وائرس کی تصدیق

ذرائع کے مطابق پنجاب کے 7، سندھ کے 4 اوربلوچستان کے 2 مقامات پرپولیو وائرس نکلا

جمعہ 24 جنوری 2020 00:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) ملک بھر کے 15 مقامات سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے 7، سندھ کے 4 اوربلوچستان کے 2 مقامات پرپولیو وائرس نکلا ہے جن میں سے 13 نمونوں میں ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو میں وائرس پایا گیا ہے۔آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب وائرس کی لپیٹ میں ہے جہاں 7 مقامات پرگٹروں کے پانی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ روز بھی پاکستان کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان سے پولیو کے ایک، ایک کیسز سامنے آئے تھے۔رپورٹ کے مطابق ضلع ٹنڈو الہ یار میں سات ماہ کی بچی پولیو سے متاثر ہوئی۔ گزشتہ سال صوبے میں پولیو کے 24 کیسز سامنے آئے تھے۔دوسری جانب بلوچستان میں پولیو کا کیس قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا جہاں ایک 18 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ بچی میں پولیو کی تصدیق کے لئے نمونہ 31 دسمبر کو حاصل کیا گیا تھا۔

محکمہ صحت ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ بچی کو تین مرتبہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی تھی جبکہ اس کا خاندان پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مقیم رہا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق سال 2019 میں بلوچستان سے پولیو کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔نو جنوری کو ملک کے تین بڑے صوبوں پنجاب، خیبرپختون خوا اور سندھ میں چھ پولیو کے نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں