صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند ماحول کی فراہمی بے حد ضروری ہے،میئراسلام آباد شیخ انصرعزیز

جمعہ 24 جنوری 2020 19:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) میئراسلام آباد شیخ انصرعزیز نے کہاہے کہ جس معاشرے کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں اس کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند ماحول کی فراہمی بے حد ضروری ہے، اگر ہم کھیلوں پر توجہ نہیں دیںگے اور اپنے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں نہیں لائیںگے تو یہ نوجوان مثبت کی بجائے منفی سرگرمیوں کی طرف بھی راغب ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پہلے میموریل ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر کیا۔ مذکورہ میچ میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) نے 36 رنزکے ہدف سے جیتا جبکہ فائنل میچ ایم سی آئی اور ایف بی آر کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔ نوید ملک ٹورنامنٹ کے بہترین جبکہ علی سرفراز میچ کے بہترین کھلاڑی اور واجد علی بہترین بالر قرار پائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر اسلام آبادشیخ انصرعزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن وفاقی دارلحکومت میں کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مصمم ارادہ رکھتی ہے، اس حوالے سے ان تمام کھیل کے میدانوں میںجدید ترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، تعلیمی اداروں میں سپورٹس گالا جیسی سرگرمیوں کا انعقاد اوریونین کونسلوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔

بچوں اورنوجوانوں کوصحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلے اساتذہ، والدین اورمعاشرے کا کردارسب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، ایک وقت تھا کہ پاکستان ہاکی کے میدانوں میں عالمی افق پر تھا، کرکٹ میں ہم عالمی پہچان رکھتے ہیں، اسکواش میں پاکستان کی کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہاکی، کرکٹ ،اسکواش اور سنوکر کے عالمی اعزازات اپنے نام کر چکاہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کھیلوں کو مکمل فروغ دیاجائے اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں