سی ڈی اے نے سیکٹر آئی۔ 14 میں گیس کی فراہمی کے لیے 210 ملین روپے کی منظوری دے دی

جمعہ 24 جنوری 2020 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی۔ 14 کے باقی ماندہ ایریاء میں گیس کی فراہمی کے لیے 210.552 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ سی ڈی اے یہ رقم آئندہ چند دنوں میں سوئی ناردرن گیس لیمٹیڈ (ایس این جی پی ایل) کو ادا کر دے گا جس کے بعد توقع ہے کہ ایس این جی پی ایل سیکٹر آئی ۔ 14 کے باقی ماندہ ایریاء میں گیس کی سپلائی کے لیے نیٹ ورک پر کام شروع کر دے گا۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی۔ 14 کے باقی ماندہ ایریاء میں سوئی گیس کی فراہمی اس سیکٹر کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اور 1989 سے اس پر کوئی توجہ نہ دی گئی۔ تاہم سی ڈی اے موجودہ انتظامیہ نے سیکٹر کے مکینوں کے اس دیرینہ مطالبے کو حل کرتے ہوئے 210 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے جس کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل) سیکٹرآئی۔

(جاری ہے)

14 کے باقی ماندہ ایریاء میں گیس کی فراہمی کے لیے انفراسٹرکچر اور گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو مکمل کرے گا جس میں 3470 میٹر طویل چار انچ ڈایا کی مین لائن بھی بچھائے گا۔ علاوہ ازیں 29250 میٹر طویل دو انچ ڈایا کی پائپ لائن، 50110 میٹر طویل سوا ایک انچ ڈایا کی پائپ لائن کے علاوہ سیکٹر آئی۔ 14 میں پہلے سے موجود گیس پائپ لائن کے نیٹ ورک کو بھی مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی کی 45 ویں میٹنگ جو گذشتہ سال اکتوبر میں منعقد ہوئی تھی میں سیکٹر آئی ۔ 14 کی ڈیویلپمنٹ کے لیے 3112.162 ملین روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی تھی۔ پراجیکٹ پر اٹھنے والی لاگت کی منظوری کے بعد تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے ابتدائی قواعد و ضوابط فوری مکمل کریں تاکہ تمام شعبے ملکر بیک وقت کام شروع کر سکیں۔

اس ضمن میں سوئی گیس کے محکمے نے سیکٹر آئی14- کے باقیماندہ ایریائ میں گیس انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کر دیا جس کی منظوری سی ڈی اے کے مجاز حکام نے دے دی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ گذشتہ کئی سالوں سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تعطل کے شکار سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو شروع اور فوری طور پر مکمل کرنے کی مربوط اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت نہ صرف باقی ماندہ ترقیاتی سرگرمیوں کو جلد از جلد شروع کر کے مکمل کیا جا رہا ہے بلکہ شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں تعطل کے شکار مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اب بھر پور ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ سیکٹروں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے لیے قواعد و ضوابط تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں