جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج، بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

ہفتہ 25 جنوری 2020 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کوہفتہ کے روزدفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں ایک خاتون شہری کے شدید زخمی ہونے پر احتجاج کیا گیا۔25 جنوری 2020 کو لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 21 سالہ لائبہ زوجہ نقیب سکنہ گاں سیریاں شدید زخمی ہوئیں۔

قابض بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ ایسے احمقانہ اور بے حسی پر مبنی بھارتی اقدامات نہ صرف 2003 کے جنگ بندی معاہدے بلکہ عالمی انسانی حقوق اور عالمی اقدارکی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ واقعات خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔زور دیا گیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کرکے بھارت اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

پاکستان نے بھارت پر زوردیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، تازہ ترین اور اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی کی دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے ، ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر امن قائم رکھے۔ انہوں نے زوردیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کردہ اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں