آرٹ اور ثقافت بھی مقبوضہ کشمیر میں ابتر انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے،ثوبیہ کمال

پاکستان دُنیا کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اُجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا،پارلیمانی سیکرٹری اُمور کشمیر وگلگت بلتستان

منگل 28 جنوری 2020 15:53

آرٹ اور ثقافت بھی مقبوضہ کشمیر میں ابتر انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے،ثوبیہ کمال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2020ء) پارلیمانی سیکرٹری اُمور کشمیر وگلگت بلتستان مسز ثوبیہ کمال نے کہا ہے کہ آرٹ اور ثقافت بھی مقبوضہ کشمیر میں ابتر انسانی حقوق کی شدید پامالی کی عکاسی کا ایک اچھا ذریعہ ہے اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں فنکاروں نے ثقافتی شو میں اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کے حالات کی بہترین عکاسی کی ہے۔

وہ نیشل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقد کردہ ایک ثقافتی شو کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خیالات کا اظہار کررہی تھیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم بین الاقوامی سطح پر بھی اس قسم کے ثقافتی شوز سے مقبوضہ کشمیر کے حالات کی بہترانداز میں عکاسی کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کا کشمیر سے خون کا رشتہ ہے اور پاکستان دُنیا کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اُجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے ایک مضبوط اور بہترین وکیل اور سفیر کے طور پر سامنے آئے ہیں اور اُن کی کوششوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سال میں دوسری مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا ہے۔ مسز ثوبیہ کمال نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اس سال تقاریب کا آغاز دس دن پہلے ہی شروع کر دیاگیا ہے انہوںنے کہاکہ پوری پاکستانی قوم یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے دونوں اطراف پہنچارہی ہے اور اس عزم کا اظہار کر رہی ہے کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیر یوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان اعجازاحمد خان،جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد عظیم خان لغاری،جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سمیع اللہ خان کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں