تحریک انصاف گلگت کے عوام کی محرومیوں کے ازالی کا جامع پروگرام رکھتی ہے

پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی گلگت بلتستان سے وفد کی طرف سے دیئے گئے عصرانہ سے خطاب

منگل 28 جنوری 2020 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تحریک انصاف گلگت کے عوام کی محرومیوں کے ازالی کا جامع پروگرام رکھتی ہے، تحریک انصاف مالی، انتظامی اور سیاسی خود مختاری کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کی کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیات کے وفد کی جانب سے دیئے گئے عصرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ گلگت بلتستان جغرافیائی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل علاقہ ہے جسے رب العزت نے بے پناہ حسن اور قدرتی وسائل سے آراستہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام میں بلند شرح خواندگی سیاسی طور پر پختگی اور عوام میں تحریک کا بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور اور وزیراعظم عمران خان کا پیغام گلگت بلتستان کے طول و عرض میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف انشاء اللہ واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بھرپور معاشی و سماجی ترقی کے مواقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی مستقبل کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جس کے علاقہ پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کا پوٹینشل ایک بڑا قدرتی انعام ہے جس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا کر پاکستان کیلئے قابل قدر مقدار میں زرمبادلہ کمانا ممکن ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے تاکہ رب العالمین کی جانب سے عطاء کردہ وسائل کے بل بوتے پر ملکی کی معشیت کے مستقبل کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا جا سکے اور پاکستان دوسروں پر انحصار کی رسم سے چھٹکارا پاتے ہوئے خود انحصاری اور خود کفالت کی جانب پیش قدمی کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے بعد اصلاحات کا جامع ایجنڈہ نافذ کرے گی اور دہائیوں سے محرومیوں کی شکار محب وطن گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے ثمرات سے بہرہ ور کرنے کی جانب نمایاں پیشرفت کرے گی۔ عصرانہ میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اعجاز رفیع بٹ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کرنل امان اللہ خان اور دیگر ذمہ داران بھی نائب صدر کے ہمراہ شریک ہوئے۔

اس موقع پر میزبانوں کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر روایتی علاقائی رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا اور روایتی ٹوپی تحفتاً تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور ان کے ساتھیوں کو پیش کی۔ تقریب سے راجہ جلال اور حور شاہ سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور گلگت بلتستان خصوصاً وادی ہنزہ کو درپیش بجلی کے مسائل اور علاقہ میں پن بجلی کی پیداواری استعداد سمیت دیگر معاملات پر روشنی ڈالی۔ زاہد حسین کاظمی نے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں