اسلام آباد ہائی کورٹ ایکٹ 2010میں مزید ترمیم اور انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997میں مزید ترمیم کے بل سمیت متعدد بل متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد

پیر 17 فروری 2020 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) سینٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ ایکٹ 2010میں مزید ترمیم اور انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997میں مزید ترمیم کے بل سمیت متعدد بل متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔ پیر کو سینٹ کااجلاس چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا جس میں سینیٹر کہدہ بابر نے اسلام آباد ہائیکورٹ ایکٹ 2010 میں مزید ترمیم کرنے بل پیش کیا ۔

سینیٹر کہدہ بابر نے کہاکہ 15 ہزار کیسز اب بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہیں،مزکورہ ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد بھی پوری نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس کے دور ان اسلام آباد تحفظ صارفین ایکٹ 1995 میں ترمیم کا بل سینیٹ میں میاں عتیق شیخ نے پیش کیا جسے چیئرمین سینٹ نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا ۔

(جاری ہے)

اجلا س میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997میں مزید ترمیم کرنے کا بل سینیٹر کہدہ اورمیاں عتیق شیخ نے پیش کیا۔ وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہاکہ حکومت بھی اس پر کام کر رہی ہے،سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردی کی تعریف کیا ہے ،متعین کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم صوبوں کی مشاورت سے دہشتگردی کی تشریح و تعریف کر رہے ہیں،بل کی مخالفت نہیں کرتا لیکن یہ بل دوہری مشق کہلائے گا۔

سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ قانون سازی کر رہے ہیں حکومت اس میں مزید ترمیم لے آئے۔چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااجلاس میں تعزیرات پاکستان اٹھارہ سو بیس میں مزید ترمیم کرنے کا بل پیش کیا ،چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی میں موجود حکومتی بل کے ساتھ منسلک کردیااجلاس میں بلوچستان میں ایئر مکس پلانٹس نصب نہ کئے جانے سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی رپورٹ پیش کر دی گئی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے دستور (ترمیمی) بل 2020ء (آرٹیکل 198 کی ترمیم) پیش کرنے کا معاملہ موخر کر دیااس سلسلے میں سینیٹر جاوید عباسی کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ارکان کی تعداد کم ہے، اس بل کی منظوری کے لئے دو تہائی ارکان کی ایوان میں موجودگی ضروری ہے لہذا اسے موخر کر دیا جائے یا پھر ارکان کی تعداد پوری ہونے پر دوبارہ ایجنڈے پر لایا جائے۔

جس پر چیئرمین سینیٹ نے بل پر غور موخر کر دیا۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے سرکاری ملازمین کے لئے گروپ انشورنس متعارف کرانے سے متعلق قرارداد متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دی سینیٹر عتیق شیخ نے قرارداد پیش کی کہ حکومت اپنے ملازمین کے لئے گروپ انشورنس متعارف کرائے جہاں پر وفاقی سرکاری ملازمین صوبائی سرکاری ملازمین کی طرح اپنے گروپ انشورنس فنڈ سے بوقت ضرورت بیمہ شدہ رقم حاصل کرنے کے مستحق ہوں گے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے بھی قرارداد پر اظہار خیال کیا۔ جس کے بعد چیئرمین نے قرارداد کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے ہزارہ موٹروے ایم 15 کو ایبٹ آباد شہر سے منسلک کرنے کے لئے انٹرچینج اور سڑک کی تعمیر سے متعلق قرارداد کی منظوری دیدی، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

اجلاس کے دور ان بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں سوشل ویلفیئر اتاشی کے عہدے کی تعیناتی کے لئے افسران کی عمر میں اضافے سے متعلق قرارداد پر غور موخر کر دیا گیا سینیٹر لیاقت ترکئی کی قرارداد بھی ایجنڈے میں شامل تھی تاہم محرک کی درخواست پر موخر کر دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں