مارگلہ ہلز پر جنگلات میں ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی، چند لمحوں میں آگ کے شعلوں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

مذکورہ علاقہ انتہائی دشوارگزار ہے، مشنری اور گاڑیوں کی رسائی ناممکن ، تیز ہوا کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہو سکتاہے،ڈائریکٹر انوائرمنٹ رانا طاہر

منگل 18 فروری 2020 00:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) مارگلہ ہلز پر شاہ اللہ دتہ کے قریب جنگلات میں ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی، چند لمحوں میں آگ کے شعلوں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کے شعلے دور دراز میدانی علاقوں سے بھی دیکھے جاتے رہے۔ میٹرو پورلیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) کے شعبہ انوائرمنٹ کا عملہ موقع پر تاخیر سے پہنچا۔

ڈائریکٹر انوائرمنٹ رانا طاہر کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقہ انتہائی دشوارگزار ہے، مشنری اور گاڑیوں کی رسائی ناممکن ہے، تیز ہوا کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہو سکتاہے۔ پیر کو شہر کے پرفضاء اور سیاحتی مقام مارگلہ ہلز پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیسری مرتبہ ہولناک تشزدگی کا واقعہ ہے رونما ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں شاہ للہ دتہ کے قریب لگنے والی آگ کی بروقت ایم سی آئی کے شعبہ انوائرمنٹ کو اطلاع دی گئی تاہم انوائرمنٹ کی ٹیمیں موقع پر اس وقت پہنچیں جب آگ کے شعلوں نے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈائریکٹر انوائمنٹ رانا طاہر کا کہنا ہے کہ شاہ اللہ دتہ کے جس مقام پر آتشزدگی ہوئی ہے وہ انتہائی دشوارگزار علاقہ ہے جہاں تک ہماری گاڑیوں اورمشنری کی رسائی ناممکن ہے تاہم شعبہ انوارمنٹ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کیلئے موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیموں کو تیز ہوا اور دشوار گزار راستے کے باعث آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث متعدد بیش قیمتی درخت، پودے، لکڑی اور جانور جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں