مافیاز کے پائوں اکھڑ رہے ہیں ،ریاست کی طاقت سے قانون کے کٹہرے میں لائینگے‘ ہمایوں اختر خان

بلاول بھٹو پانچ سال تک عوام کے ووٹوں سے آئی ہوئی حکومت کو گرانے میں بے بس ہی رہیں گے ‘ سینئر مرکزی رہنما

جمعرات 20 فروری 2020 11:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ انشا اللہ پانچ سال گزر جائیں گے اور بلاول بھٹو عوام کے ووٹوں سے آئی ہوئی حکومت کو گرانے میں بے بس ہی رہیں گے ،اپوزیشن عوام کی بجائے اپنی ساکھ کی فکر کرے کیونکہ عوام حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی سے مطمئن ہیں ،(ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی تحریک کے نام پر ایک دوسرے کا کندھا استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنمائوں کے وفود اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن میں دو سے تین بار اجلاس منعقد کر رہے ہیں اور عملی کوششیں جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف اداروں کو متحرک کیا گیا ہے ،طلب رسد اور قیمتوں کے حوالے سے باقاعدہ میکنزم بنا رہے ہیں۔

مافیاز کے پائوں اکھڑ رہے ہیں اور ان کی جانب سے آخری حربے کے طور پر مزاحمت جاری ہے لیکن انہیں ریاست کی طاقت سے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے حوالے سے پیشگی اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور عوام کو یوٹیلٹی سٹورزاور سستے رمضان بازاروں کے ذریعے ریلیف دینے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کامیابی کی وجہ سے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی بے بس ہیں اور ان کے بیانات سے اس کا واضح اظہار ہوتا ہے ۔ بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ اگر اپوزیشن جماعتیں باہر نہ نکلیں تو آئندہ عام انتخابات میں عوام کی نظروں سے گر جائیں گی غلط ہے کیونکہ کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے دونوں جماعتیں پہلے ہی عوام کی نظروں سے گر چکی ہیں اور اب انہیں اپنی سیاسی بقاء کا چیلنج درپیش ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جہاں ہماری غلطی ہو گی ہم اس کا بر ملا اعتراف کرتے ہوئے اسے درست کرنے کی کوشش کریں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے صرف ریاست مدینہ کی طرز پر نظام کا نعرہ نہیں لگایا بلکہ اس کی جانب عملی پیشرفت جاری ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں