کوئٹہ دھماکہ انسانیت دشمن کی مذموم کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،قیمتی جانوں کے ضیاع پردلی رنج و افسوس ہے،سید زیشان علی نقوی

دہشتگردی کے واقعات کو سنجیدگی سے لیناہوگا،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت ذمہ داریوںکاادراک کرے،ڈپٹی میئر اسلام آباد

جمعرات 20 فروری 2020 21:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) ڈپٹی میئر اسلام آباد سید زیشان علی نقوی نے سوموارکو کچہری چوک کوئٹہ میں ہونے والی دہشتگردی کے اس واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ دھماکہ انسانیت دشمن کی مذموم کارروائی ہے،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس شرمناک فعل میں ملوث عناصر ملک میں امن و امان کوسبوتاژ کرناچاہتے ہیں، دھماکے میںقیمتی جانوں کے ضیاع پردلی رنج او رافسوس ہے،متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے ،دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کاکوئی مذہب نہیں ہوتا،وہ انسانیت کے دشمن ہیں،دہشتگرد استحکام پاکستان حسن و اسلام کے دشمن ہیں ،حکومت دہشتگردی کا سختی سے سدباب کرے،رٹے رٹائے بیانوں سے دھماکے بند نہیںہونگے، دہشتگردی کی مذموم کارروائیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے او راس ناسور کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئرسید زیشان علی نقوی نے مزید کہاکہ معاشرے کے ہر فرد کوچاہئیے کہ وہ اپنے بچوں کو زینب اور ابو بکر بننے سے محفوظ کریں،معاشرے میں معصوم بچوں کے ساتھ تسلسل کے ساتھ ہونے والے جنسی حادثات و واقعات سب کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،حکومت فوری طورپر قومی اسمبلی میں پاس ہونے والی قراردا کے مطابق قانون پاس کرے اور جنسی درندگی میں ملوث درندوں کو اسلامی قوانین کے مطابق سخت سے سخت سزائیں دے تاکہ معاشرے میں پیدا ہونے والے بیگاڑ کو کنٹرول کیاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ توت کے رہائشی ابوبکر کے ساتھ اس کے استاد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر جو گھنائونا فعل کیااس سے استاد جیسے شفیق اور محترم رشتے کا سرشرم سے جھک گیاہے،ہم جنگل کے قانون والے معاشرے میں زندگی گزاررہے ہیں، جہاں پر امیراور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہیں،جس کی وجہ سے لوگ اپنی مرضی کررہے ہیں،اگر ہم لوگ اپنے بچوں کو زینب اور ابوبکر بننے سے بچاناچاہتے ہیں تو ہمیں زندگی کے ہرفورم پر اس کے خلاف آوازبلند کرنا ہوگی اور درندہ صفت بھیڑیوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ابوبکر اوراس جیسے بچوں کے ماں باپ کا ہر ممکن ساتھ دیناہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں