پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان کی پالیسی پر ہر صورت عمل کیا جائے،ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید

جمعرات 20 فروری 2020 22:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید نے ٹریفک افسران اور جوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں سے خوش اخلاقی، صبر اور تحمل سے پیش آئیں، پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان کی پالیسی پر ہر صورت عمل کیا جائے، رواں سال سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر5,647 دوران ڈرائیونگ موبائل فون سننے والے 2,200 کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے، حادثات پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانا، حادثات پر ہر ممکن قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی مہم جاری رہے گی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور حادثات سے بچانے اور ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے خصوصی مہم جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس مہم کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں ٹریفک حادثات پر قابو پانا ہے تاکہ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خصوصی مہم میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والے، دوران ڈرائیونگ موبائل فون سننے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ گاڑیوں کی بیک، ہیڈ لائٹس اور اشارے خراب ہونے پر بھی کارروائی ہو گی۔ مہم کے دوران روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید نے ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کو عوام سے خوش اخلاقی، صبر و تحمل سے پیش آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان کی پالیسی پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں