سینیٹرطلحہ محمود کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس

جمعرات 20 فروری 2020 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس جمعرات کو سینیٹرطلحہ محمود کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر عطا الرحمان کی جانب سے پاکستان ٹورازم ڈویلمپنٹ کارپوریشن ( پی ٹی ڈی سی) ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے 13 جنوری 2020 کو سینیٹ میں اٹھائے جانے والے عوامی مفاد کے پوائنٹ کو دیکھا گیا ۔

کمیٹی نے وفاقی حکومت کے محکموں میں عمر میں نرمی کی حد بڑھانے کے معاملے پر سینیٹر کلثوم پروین کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کے معاملے کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں کمیٹی رکن سینیٹر مشتاق احمد ، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر نجمہ حمید ، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف ، سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار، سینیٹر نصیب اللہ بازئی ، سینیٹر مشاہداللہ خان، سینیٹر محمد جاوید عباسی ، اور سینیٹر کلثوم پروین سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے 680 ملین مالیت کے نقصانات اور پاکستان ٹورازم ڈویلمپنٹ کارپوریشن کے ملازمین کو خیر باد کہنے کی پالیسی کا سخت نوٹس لیا ۔کمیٹی نے ہدایت کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات اگلے اجلا س میں پیش کی جائیں۔ کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی تمام ملازمین کو برقراررکھاجائے۔ کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی ڈی سی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیاہے۔ سینیٹر کلثوم پروین کی جانب سے وفاقی حکومت کے محکموں میں عمر میں نرمی کے معاملے میں مزید دوسال کی توسیع کی قرارداد کو مسترد کردیاگیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں