حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،

احساس پروگرام سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا، وزیر مملکت علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت

ہفتہ 22 فروری 2020 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اصلاحات کے ایجنڈے کے ساتھ ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے اقتدار میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، حکومت فیصل آباد سمیت ملک بھر کے تاجروں کے جو بھی مسائل ہیں انہیں حل کرے گی۔

(جاری ہے)

علی محمد خان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے، عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے ، اسی سلسلے میں پارلیمنٹ میں اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا تاہم بدقسمتی سے اجلاس میں اپوزیشن رہنمائوں نے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ پارلیمنٹ میں وزرا کی حاضری کا مسئلہ ہر دور میں رہا ہے، تمام وزراء کو پارلیمنٹ میں اپنی حاضری بہتر بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جن میں احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام اور صحت انصاف کارڈز شامل ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ گندم بحران کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز 100 ارب سے بڑھا کر 200 ارب روپے کے قریب پہنچا دیئے ہیں، اس میں احساس اور کفالت پروگرام کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا، جلسے جلوس کرنا اور دھرنا دینا ہر شخص کا جمہوری حق ہے تاہم جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں