ڈاکٹر ثمینہ وقارکی وزارت اطلاعات و ذیلی اداروں میں خدمات لائق تحسین اور نئے افسران کیلئے مشعل راہ ہیں

ان کی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبرحسین درانی کا ڈی جی ریڈیو ڈاکٹر ثمینہ وقار کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب

پیر 24 فروری 2020 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) وفاقی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ ڈی جی پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) ڈاکٹر ثمینہ وقار کی وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں میں خدمات لائق تحسین اور ان کا تجربہ نئے آنے والے افسران کے لیے مشعل راہ ہے، ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر ثمینہ وقار کی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ثمینہ وقار کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی الوداعی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وہ اس سادہ اور پروقار کی تقریب کی صدارت کر رہے تھے۔ تقریب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد ظہور برلاس، قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد طاہر حسن، پاکستان ٹیلی ویژن کے ایم ڈی ،وزارت کے دیگر سینئر افسران اور پبلک ریلیشن کے سینئر و جونیئر افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہاکہ ڈاکٹر ثمینہ وقار اپنی مدت ملازمت کے دوران وزارت کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں بھی تعینات رہ چکی ہیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ سیکرٹری اطلاعات نے نئے آنے والے انفارمیشن افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر ثمینہ وقار کی خدمات اور پیشہ وارانہ تجربہ آپ کیلئے مشعل راہ ہے، زندگی میں ایک اچھے استاد کا ملنا کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔

اکبرحسین درانی نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کے ساتھ کام کرنے کے حوالہ سے بھی اپنے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ صحت اور تندرستی کی زندگی بہت بڑی نعمت ہوتی ہے اور ہم ڈاکٹر ثمینہ وقار کیلئے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد صحت اور تندرستی والی زندگی کیلئے دعاگو ہیں، امید ہے کہ آنے والی زندگی میں ان کیلئے مزید نئی راہیں کھلیں گی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کو سوینئر اور پھول بھی پیش کیے۔

قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ظہور برلاس، ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان، ایم ڈی پی ٹی وی، وزارت اطلاعات کے ذیلی اداروں کے سینئر افسران اور پی آر اوز نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کی شخصیت اور ان کے ساتھ کام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں ڈاکٹر ثمینہ وقار نے اپنے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کے انعقاد پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبرحسین درانی اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شرکاء کو وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے فرائض کی انجام دہی کے سنہرے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اپنی تمام تر توانائیاں ایک این جی او کیلئے صرف کریں گی جسے وہ گزشتہ دو سال سے چلا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں