چیئرمین نیوٹیک جاوید حسن کی زیر صدارت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے بورڈ کا اجلاس،

ٹی ویٹ سیکٹر کی بہتری کیلئے کئی منصوبوں کی منظوری

پیر 24 فروری 2020 19:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) نیوٹیک بورڈ نے ملک کے ٹی ویٹ سیکٹر کی بہتری کیلئے کئی منصوبے منظور کرلئے، نیوٹیک نے ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر میں رواں ماہ سے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔ پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے بورڈ کا اکیسواں اجلاس چیئرمین نیوٹیک جاوید حسن کی زیر صدارت نیوٹیک ہیڈکوارٹرز میں منقعد ہوا۔

جس میں ملک کے ٹی ویٹ سیکٹر کے بہترین مفاد میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین نیوٹیک نے ممبران کی شرکت کو سراہا اور پاکستان کے ٹی ویٹ سیکٹر کی ترقی کے لئے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شراکت پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر ناصر خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک نے ممبران کو "ہنرمند پاکستان" پروگرام کی پیشرفت اور ترقی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ہنرمند پاکستان پروگرام "کامیاب جوان"پروگرام کا اہم تریں حصہ ہے۔

یہ میگا پراجیکٹ ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورصنعتی نمو کے لحاظ نیوٹیک کاہال مارک ہے۔ اس پروگرام کے چودہ اجزاء ہیں جن کے کامیاب انقعاد سے ملک کے ٹی ویٹ سیکٹر میں نمایاں بہتری آئے گی اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ 17فروری سے ہوچکاہے جس میں نوجوانوں کو ملک بھر کے تمام بہترین ٹی ویٹ اداروں میں ہائی ٹیک/ہائی اینڈ او روایتی فنون میں تربیت دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر ناصر خان نے ممبران کو نیوٹیک کے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جس کے تحت میٹرک ٹیک کو پائلٹ مرحلے میں 15سرکاری سکولوں میں تعلیم کے تیسرے دھارے کے طور پر متعارف کرایا جائیگا جوروایتی تعلیم کے ساتھ فنی و تکنیکی تعلیم کو مربوط کریگا۔ نیوٹیک اگلے بیس ماہ کے دوران 500 کوالیفیکشنزتیار کریگا جو وزیراعظم کے وڑن کے مطابق ملک میں یکساں ٹی ویٹ سرٹیفکیشن رجیم نافذ کرنے میں مددگار ثابت ہونگی۔ اجلاس میں ٹی ویٹ سیکٹر کی ترقی سے متعلق متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نیوٹیک نے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں