پاکستان بحریہ اور چینی جیولوجیکل سروے شپ کی پاکستان کے خصوصی معاشی زون میں مشترکہ سائنسی تحقیقی مہم اختتام پذیر ہو گئی

پیر 24 فروری 2020 20:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) پاکستان بحریہ اور چینی جیولوجیکل سروے شپ کی پاکستان کے خصوصی معاشی زون میں مشترکہ سائنسی تحقیقی مہم اختتام پذیر ہو گئی۔ چینی ہم منصبوں کے علاوہ پاکستان نیوی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشنوگرافی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور بحریہ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے سروے مشن میں حصہ لیا۔

دو ماہ سے زائد عرصہ پر محیط اس مہم کے دوران پاکستان کے خصوصی معاشی زون میں زلزلہ ، کشش ثقل ، مقناطیسی اور بحریاتی مشاہدات سے متعلق منظم سروے کیا گیا۔ حاصل کردہ معلومات پر چینی اور پاکستانی سائنس دان مشترکہ طور پر کارروائی کریں گے۔ سروے سے حاصل کردہ معلومات سے پاکستانی ساحلی علاقوں میں ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کی تلاش کے لئے نقشہ نویسی میں مزید مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان بحریہ نے چینی جیولوجیکل سروے جہاز کی میزبانی کی اورسروے کی مختلف سرگرمیاں انجام دینے کے لئے ساحلی علاقوں میں سمندر اور بندرگاہ دونوں مقامات پر معاونت فراہم کی۔ پاک بحریہ ملکی معیشت کے اہم جزو کے طور پر سمندری وسائل کی تلاش اوران کے بہتر استعمال کے لئے تمام قومی تحقیقی سرگرمیوں میں معاونت کے لئے پرعزم ہے۔ حالیہ سائنسی تحقیقی مہم اس سیریز کا دوسرا مرحلہ تھا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چینی جیولوجیکل سروے کے نائب وزیر ، ڈاکٹرژونگ زیران سے 2018 میں ایک ملاقات کے دوران پہلی مہم پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس کے مطابق چینی جیولوجیکل سروے جہاز نے سال 2018-19 میں دو ماہ پر مشتمل سروے کیا اورپاکستان کے ساحلی علاقے مکران میں کثیر الجہتی مطالعات کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں اعلی سطح پر باہمی تعاون اور حالیہ مہم کے دوران چینی جیولوجیکل سروے جہاز کی بھرپور سرگرمیاں مختلف تحقیقی شعبوں میں پاک چین دوستی کا واضح مظہر ہیں۔ یہ امر پاکستان کی بلیو اکانومی کے استحکام کے لئے چین کے بھرپور تعاون کی علامت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں