اسلام آباد،کراچی کمپنی جی نائن ٹو میں مبینہ شراب کے نشہ میں دھت وفاقی پولیس کے کانسٹیبل نے ہنگامہ برپا کر دیا

اہل محلہ کو غلیظ گالیاں دیتا رہا،محلہ داروں نے ’’ٹن‘‘ سپاہی کو تھانہ کراچی کمپنی منتقل کر دیا کراچی کمپنی پولیس نے پیٹی بھائی کو چند گھنٹے تھانے میں مہمان بنائے رکھنے کے بعد چھوڑ دیا اہل محلہ نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور آئی جی اسلام آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

جمعرات 27 فروری 2020 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) وفاقی دارلحکومت کے علاقہ کراچی کمپنی جی نائن ٹو میں مبینہ طورپر شراب کے نشہ میں دھت وفاقی پولیس کے کانسٹیبل نے ہنگامہ برپا کر دیا،اہل محلہ کو غلیظ گالیاں دیتا رہا،محلہ داروں نے ’’ٹن‘‘ سپاہی کو تھانہ کراچی کمپنی منتقل کر دیاتاہم تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے اپنے پیٹی بھائی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بجائے اسے چند گھنٹے تھانے میں مہمان بنائے رکھنے کے بعد چھوڑ دیا،اہل محلہ نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور آئی جی اسلام آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 26 فروری بروزبدھ تقریباً تین بجے کے قریب کراچی کمپنی جی نائن ٹو میں واقع 95 بی بلاک کے سامنے اس وقت تماشہ لگ گیا جب اسی بلاک کے تین نمبر فلیٹ میں مقیم وفاقی پولیس کا کانسٹیبل ڈرائیور وقار حسین سرکاری ڈالے نمبر جی ایف 790 پر شراب کے نشہ میں دھت ہو کر وہاں آیا اور اہل محلہ کو غلیظ گالیاں دیتا رہا۔

(جاری ہے)

جس پر اہل محلہ نے اسے منع کیا تو وہ مزید بگڑ گیا۔

اسی دوران محلہ داروں نے موبائل فون سے اس کی ویڈیو بنائی تو وہ آپے سے باہر ہی ہوگیا اور بدزبانی کرتا رہا۔بعدازاں محلہ داروں نے ٹن کانسٹیبل کو پکڑ ا اور اسے تھانہ کراچی کمپنی منتقل کیا۔تاہم پولیس نے اسے اپنے پاس چند گھنٹے تک تو مہمان بنائے رکھا لیکن اس کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ کی۔بعدازاں ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی نے ٹن کانسٹیبل کو تھانے سے چلتا کر دیا۔

ذرائع کاکہناہے کہ مذکورہ کانسٹیبل وقار حسین قبل ازیں بھی شراب پی کر غل غپاڑہ کرنے اورمنشیات فروشی کے الزام میں انکوائریاں بھگت چکاہے۔دو سال قبل بھی اسی طرح ٹن حالت میں محلے میں ’’ڈرامہ‘‘ کرنے پر اہل محلہ نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔جس کے بعد اس نے دوبارہ شراب نہ پینے اور پڑوسیوں کو تنگ نہ کرنے سے متعلق ایس ڈی پی او مارگلہ کو حلف نامہ بھی جمع کرایا تھا۔۔۔۔۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں