تھانہ لوہی بھیر پولیس کی کارروائی‘ بحریہ ٹاؤن فیز تھری میں ہوائی فائرنگ، لوگوں کو دھمکانے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والا خطرناک ملزم گرفتار

جمعہ 28 فروری 2020 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) اسلام آباد ایس پی رورل ملک نعیم اقبال کی ہدایت پر تھانہ لوہی بھیر پولیس نے کارروائی کے دوران بحریہ ٹاؤن فیز تھری میں ہوائی فائرنگ، لوگوں کو دھمکانے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والا خطرناک ملزم گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد علی سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن، ڈرون کیمرہ، لیپ ٹاپ، کلاشنکوف گن بارہ بورگن، پسٹل، خنجر اور مختلف بور کے متعدد روند، موبائل فون، گھڑی کٹر اور دیگر اشیاء بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔

ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ کارروائی ڈی ایس پی رخسار مہدی کی نگرانی میں ایس ایچ او لوہی بھیر شاہد زمان اور ٹیم نے کی۔ ایس پی رورل ملک نعیم اقبال نے کہا کہ لوگوں کے امن میں خلل کسی بھی صورت بر داشت نہیں کیا جائے گا، ایسے افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں