سپریم کورٹ نے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر سائلین کیلئے مقدمات دائر کرنے کی حد میں ایک ماہ کیلئے نرمی کردی

جمعرات 26 مارچ 2020 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) سپریم کورٹ نے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر سائلین کیلئے مقدمات دائر کرنے کی حد میں ایک ماہ کیلئے نرمی کردی ہے۔ یہ بات جمعرات کو یہاں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورت حال کے پیش نظر سائلین کو دعویٰ اور درخواست دائر کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، سائلین کو عدالت عظمی میں فیصلوں کیخلاف اپیل اور دیگر آئینی درخواستیں دائر کرنے میں سفری مشکلات درپیش ہیں، سپریم کورٹ کی تمام رجسٹریوں میں مقدمات دائر کرنے کیلئے 22 مارچ سے 21 اپریل تک نرمی کی جاتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمی میں مقدمات دائر کرنے کے خواہش مند سائلین 22 مارچ سے 21 اپریل تک سپریم کورٹ کی تمام رجسٹریوں کو بند تصور کریں۔ نوٹیفکیشن چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں