پاکستان تحریک انصاف کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی کورونا کیخلاف مکمل معاونت فراہم کرنے کی پیشکش

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) کورونا کیخلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کے معاملہ پرپاکستان تحریک انصاف اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے مابین اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا ہے جس میں چین کی کمیونسٹ پارٹی نے کرونا کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔پاکستان تحریک انصا ف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کا تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد کو اہم خط لکھا ہے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت نے کہاہے کہ کرونا جیسی مشکل میں گھرے چینی عوام کیساتھ یکجہتی کے اظہار اور چینی حکومت کو تعاون کی پیشکش پر تحریک انصاف کی قیادت کے شکرگزار ہیں۔جنرل سیکرٹری ڑی جن پنگ کی قیادت میں کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی اپنے عوام کی صحت و سلامتی کیلئے نہایت پرعزم ہے، چین نے اپنے مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے کے ذریعے بھرپور مدافعتی اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے وباء کو پسپاء کیا، قیادت چینی کمیونسٹ پارٹی نے کہاہے کہ کرونا کیخلاف چینی قوم کی مشترکہ کاوشیں نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہیں اور حالات معمول کی جانب لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیونٹی کے جذبے کے تحت عالمی سطحی پر پبلک ہیلتھ میں بہتری کیلئے چین نے عالمی برادری کیساتھ اشتراک کو وسعت دی ہے ۔چین اس وباء کے مقابلے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کو اپنے تجربات میں حصہ دار بنانے، تبادلوں میں اضافے اور روابط میں مزید تقویت کیلئے تیار ہے،چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت نے کہاہے کہ کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین اشتراک نے دوطرفہ تعلقات میں وسعت و تقویت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔

پاک چین تعلقات میں مزید نکھار اور دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین تعلقات و تبادلہ جات کو مزید وسعت دینے کیلئے تیار ہیں،واضع رہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد نے 3 مارچ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کو خط تحریر کیا۔اپنے خط میں ارشد داد نے کرونا کیخلاف برسرِپیکار چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت اور چینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں