اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس ون تھری میں کوڑے کے ڈرموں کی باقاعدگی سے صفائی کرائی جائے،مکینوں کی اپیل

منگل 31 مارچ 2020 22:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس ون تھری کے مکینوں نے میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے سے اپیل کی ہے کہ کوڑے کے ڈرموں کی باقاعدگی سے صفائی کرائی جائے۔ سیکٹر جی سکس ون تھری کے مکینوں چوہدری تنویر گجر، چوہدری بشیر، محمد ثناء اور محمد نذیر نے میڈیا کو بتایا کہ جی سکس ون تھری میں کئی کئی دنوں تک کوڑے کے ڈرموں کو خالی نہیں کیا جاتا جس سے علاقہ کے مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور کوڑے اور گندگی کے ڈھیر سے دور دور تک تعفن پھیل رہا ہے جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی لوگ خوفزدہ ہیں، متبادل جگہ ہونے کے باوجود کوڑے کے ڈرم کو گلی 46 کے سامنے سے شفٹ نہیں کیا جا رہا جس سے پورا علاقہ بری طرح متاثر ہے اور لوگوں کا گزرنا بھی محال ہے۔

(جاری ہے)

مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار اس بابت ڈائریکٹر سینی ٹیشن کو صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، سینی ٹیشن کا آدھا عملہ ان کوڑے کے ڈرموں کے پاس سے گزر کر دفتر جاتا ہے لیکن مسئلہ سے چشم پوشی اختیار کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ مسئلہ کا فوری نوٹس لیا جائے جو خود سینی ٹیشن عملہ کیلئے بھی پریشانی کا باعث ہے۔ ڈائریکٹر سینی ٹیشن سردار خان زمری سے رابطہ کرنے پر جلد اصلاح احوال کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں