بلوچستان کے عوام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پیکیج کا اعلان کرکے اس پر فوراً عملدرآمد کرایا جائے، سینیٹر عثمان کاکڑ

ہفتہ 4 اپریل 2020 00:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی 71 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، حکومت صوبے کی عوام کو ترجیح بنیادوں پر ریلیف فراہم کرے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ستارہ ایاز نے کہا کہ 2005ء کے زلزلہ میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور متاثرین زلزلہ کی دل کھول کر مدد کی گئی۔

جمعہ کو الگ الگ بیانات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کورونا وائرس کی وباء کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی 71 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کورونا کی وباء کے پیش نظر لوگوں کے کاروبار بند ہیں، متوسط طبقے کے لوگ دن کو محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پیکیج کا اعلان کرکے اس پر فوراً عملدرآمد کرائے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے صاحب استطاعت رکھنے والوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں متوسط طبقے کا بھرپور ساتھ دیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ 2005ء کے زلزلہ میں عوام نے زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر مدد کی اور انہیں ہر طرح سے اس بات کا احساس دلایا کہ ہم پوری قوم و حکومت آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح تعمیرنو میں بھی اپنے تعاون کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس سے وباء کے اثرات سے ترقی یافتہ ممالک بھی بے بس نظر آ رہے ہیں۔ سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ حکومت اکیلے اس وباء کا مقابلہ نہیں کر سکتی، جب تک عوام حکومت کے ساتھ کھڑے نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں اور سماجی رابطوں کو عارضی طور پر منقطع کر دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں