میئر اسلام آبادکا میٹروپولیٹن اکاؤنٹ میں موجودایک ارب70 کروڑ روپے خرچ کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کا فیصلہ

پیر 6 اپریل 2020 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیزنے میٹروپولیٹن کارپوریشن(ایم سی آئی)کے اکاؤنٹ میں موجودایک ارب70 کروڑ روپے کو یونین کونسلوں پر خرچ کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میئر نے قانونی طریقہ کار وضح کرنے اورمشاورت کیلئی3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔تفصیلات کے مطابق اس وقت میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے اپنے اکاؤنٹ میں ریونیو کی مد میں ایک ارب 70 کروڑ روپے موجود ہیں۔

تاہم قانونی رکاوٹوں اور تاحال وزارت کی جانب سے کارپوریشن کے رولز آف بزنس، شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ اور فنانشل پاورز کی منظوری نہ ہونے کے باعث میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز مذکورہ خطیررقم شہر اورشہریوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

اب کورونا وائرس کے باعث پیداہونے والی صورتحال میں میئر نے مذکورہ فنڈ کو کورونا سے بچاؤ اورشہریوں کی فلاح وبہبود اور صحت کے تحفظ کیلئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں گزشتہ روزمیئر اسلام آبا د شیخ انصرعزیز کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن میں موجود (ن) لیگی چیئر مینوں سے خصوصی میٹنگ کی گئی۔میٹنگ میں ڈپٹی میئرز چوہدری رفعت جاوید،ذیشان علی نقوی،اورچیئرمینوں ایڈووکیٹ قاضی عادل،ایڈ ووکیٹ چودہدری نعیم گجر، قاضی فیصل نعیم، راجہ وحید، ملک سجاد، ملک ساجد، چوہدری اظہر، ملک رضوان، حاجی گلفراز، ملک آفتاب، راجہ وقارسمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر مشاورت سے طے پایا کہ مذکورہ فنڈز کو قانونی طور پر استعمال کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ تحریر کیاجائے گا جس میں موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت سے مذکورہ فنڈز کے استعمال کیلئے اجازت طلب کی جائے گی۔ اگر وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ قانونی مشاورت کیلئے ڈپٹی میئر ذیشان علی نقوی،ایڈووکیٹ قاضی عادل اور ایڈووکیٹ چوہدری نعیم گجر کی قیادت میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے،جس کا پہلا اجلاس آجکو ڈپٹی میئر آفس میں منعقد ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں