جڑواں شہروں میں لاک ڈائون کا16 واں دن ، شہریوں کو انتظامیہ کی طرف سے بار بار گھروں میں رہنے کی اپیل ، شہری ضرورت کے وقت ماسک پہن کر باہر نکلیں، دوسرے افراد سے فاصلہ رکھیں، اسلام آباد انتظامیہ

پیر 6 اپریل 2020 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) جڑواں شہروں میں لاک ڈائون کی16 ویں دن بھی شہریوں کو انتظامیہ کی طرف سے بار بار گھروں میں رہنے کی اپیل کی جا رہی ہے، شہریوں کو ضرورت کے وقت ماسک پہن کر باہر نکلنے اور دوسرے افراد سے فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ لاک ڈائون کے باوجود بازاروں اور سڑکوں پر معمولی رش بھی دیکھا گیا۔

پیر کو ’’اے پی پی‘‘ کے سروے کے دوران وحید محمودنامی شہری نے بتایا کہ ضرورت کے وقت گھر سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے میڈیکل سٹور اور ایزی پیسہ سمیت کریانہ سٹور کھلے رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ راولپنڈی کے رہائشی محمد ندیم نے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران گھروں میں رہنا شہریوں کے لیے سود مند ہے تاہم اشیاء ضروریہ کے لیے باہر جاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں۔ جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے بھی لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں، شہری اس مہلک وائرس سے بچائو کے لیے انتطامیہ سے بھر پور تعاون کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں