پی آئی اے طیارہ حادثہ، جب تک حقائق پوری طرح سامنے نہیں آ جاتے قیاس آرائیوں سے اجتناب کیا جائے،

اس مشکل گھڑی میں ہمیں انفرادی طور پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، حکومت متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ

ہفتہ مئی 00:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ دل دہلا دینے والا طیارہ حادثہ ہمارے لئے کسی قیامت سے کم نہیں ہے، جب تک حقائق پوری طرح سامنے نہیں آ جاتے قیاس آرائیوں سے اجتناب کیا جائے، اس مشکل گھڑی میں ہمیں انفرادی طور پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، وزیراعظم نے امدادی کارروائیوں کے ساتھ شفاف تحقیقات کی بھی ہدایات کی ہیں، حکومت متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

جمعہ کو ایک بیان مین وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے طیارہ حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عید سے دو روز قبل اس دل دہلا دینے واقع نے عید کی خوشیاں پھیکی کر دی ہیں، جمعة الوداع کا دن جب تمام لوگ رحمتیں اور برکتیں سمیٹ رہے تھے، اس دوران یہ خبر کسی قیامت سے کم نہیں تھی، جن لوگوں نے اس مبارک دن پر اپنی جان دی ہے، مجھے پوری امید ہے کہ اللہ تعالی ان کے درجات بہت بلند کریگا اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ دیگا۔

(جاری ہے)

انشااللہ، اس کے ساتھ ساتھ دعا گو ہوں کہ خدا مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمی ہونے والے افراد کو جلد از جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ اس موقع پر میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے عوام کو بہت ذمہ داری کے ساتھ عوام کو تمام ضروری معلومات دیں اور غیر تصدیق شدہ خبریں دے کر افراتفری کا عالم نہیں بننے دیا۔

میں اس موقع پر گزارش یہ کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک حقائق پوری طرح سامنے نہیں آتے، قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں اور انکوائری کا مرحلہ مکمل ہونے دیں۔ یہ سانحہ پوری قوم کے لئے افسوس ناک ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہمیں ملکی سطح کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بروقت اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ تحقیقاتی عمل کو بھی شفاف رکھنے کی ہدایت کی ہے، پوری امید ہے کہ اس ناخوشگوار واقعہ کے پیش آنے کی اصل وجوہات تک پہنچ جائینگے۔

اس حادثے کے نتیجے میں رہائشی علاقے میں بھی نقصان کی اطلاع پریشان کن ہے، وفاقی حکومت متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔ اس حادثے کی لپیٹ میں آنے والے ہر شخص کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے ریلیف کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر عوام سے متحد رہنے کی اپیل کرتا ہوں اور گزارش ہے کہ حقائق سامنے آنے تک کوئی جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں، خدا ہم سب پر رحم فرمائے اور اس ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments