وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بنچ ٹوٹ گیا

بدھ 3 جون 2020 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بنچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے درخواست دوبارہ پرانے بنچ میں سماعت کیلئے مقرر کرنے کیلئے معاملہ واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کے خلاف ایک شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا یہ کیس تو پہلے دوسرا بنچ سن رہا تھا جس پر درخواست گزار کے وکیل نے آگاہ کیا کہ جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں یہ کیس زیر سماعت تھا۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کو معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کا کیس پہلے والے بنچ کے پاس مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو کہا یہ کیس پہلے بنچ کو ہی واپس بھجوا رہے ہیں۔ درخواست پر وفاق کی جانب سے جواب داخل کرایا جا چکا ہے جبکہ عدالت نے تمام معاونین خصوصی کو جواب داخل کرانے کیلئے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں