سپریم کورٹ نے بحریہ آئیکون ٹاور کیس کی تحقیقات جلد مکمل کرنے، حتمی ریفرنس کی کاپی 6 جولائی تک پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 4 جون 2020 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) سپریم کورٹ نے بحریہ آئیکون ٹاور کیس کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے حتمی ریفرنس کی کاپی 6 جولائی تک پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ جمعرات کو عدالت عظمیٰ نے ڈاکٹر ڈنشاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

عدالت نے ملک ریاض کے داماد شریک ملزم زین ملک کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہارکیا۔ فاضل جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ نیب نے زین ملک کو گرفتار کیوں نہیں کیا زین ملک اور ڈاکٹر ڈنشاہ 50 فیصد کے پارٹنر ہیں، نیب کا رویہ تمام ملزمان کے ساتھ مساوی کیوں نہیں ہے، آئیکون ٹاور کیلئے جس وزیراعلیٰ نے زمین کی منظوری دی وہ کہاں ہی کیا ریاست کی زمین پر شاندار عمارت بنانا درست ہی ۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکوٹر نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ آئیکون ٹاور کیلئے باغ ابن قاسم کی زمین الاٹ کی گئی۔ ملزم کے وکیل میاں عبدالروف ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر ڈنشاہ ستمبر 2008ء میں وزیراعلی کے مشیر بنے، بحریہ آئیکون کیلئے زمین اپریل 2008ء میں الاٹ ہوئی۔ فاضل جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کیا مشیر بننے سے پہلے ڈاکٹر ڈنشاہ کی حکومت کے ساتھ دشمنی تھی ایسی بات نہ کریں جس سے آپ کا کیس کمزور ہو۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ایسی باتوں کیلئے دستاویزات دیکھنے کی ضرورت نہیں، سب کچھ نوشتہ دیوار ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ مزید سماعت 6 جولائی سے شروع ہونے والے ہفتے میں ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں