حکومت آسانیوں اوربہترومسابقتی ماحول کی فراہمی کے ذریعہ ملک میں کاروبارکو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے، مشیربرائے خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

جمعہ 5 جون 2020 13:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت کاروبارمیں آسانیوں اوربہترومسابقتی ماحول کی فراہمی کے ذریعہ ملک میں کاروبارکو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارپاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن و آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، آئی پی پیزاور ملکی مشروب ساز صنعت کے نمائندوں سے علیحدہ وڈیو زوم اجلاسوں میں کیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود، چئیرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد اور وزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ملاقاتوں میں متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے اپنے شعبوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ حکومت کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے معیشت کے مختلف شعبوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ان مشکلات کے خاتمہ کیلئے تمام جامع اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت نے 1200 ارب روپے سے زائد امدادی پیکج کا بھی اعلان کیاہے جس کابنیادی مقصد کاروباراورمعیشت کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے ذریعہ بحالی کی راہ پرگامزن کرنا ہے، کاروبارکے فروغ اورمعیشت کی بحالی کیلئے حکومت نے ٹیکسوں میں کمی کی ہے جبکہ بڑھوتری کیلئے جامع ترغیبات دی گئی ہیں، ملاقاتوں میں ٹیکسوں میں ممکنہ کمی، ری فنڈز کی ادائیگی اورکاروبار کو کیش کی فراہمی سمیت مختلف تجاویز اورسفارشات بھی پیش کی گئیں۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے وفود کو جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے مختلف نمایندوں کی نشاندہی پر ری فنڈز کی ادائیگی اوردیگر مسائل کے حل کیلئے چیئیرپرسن ایف بی آر کو ہدایات بھی جاری کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں