چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے صحت، اطلاعات، چیف سیکرٹریز اور سماجی ورکرز کی این سی او سی کے مربوط تعاون، فیصلہ سازی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کی تعریف

جمعہ 3 جولائی 2020 18:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے صحت، اطلاعات، چیف سیکرٹریز اور سماجی ورکرز نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مربوط تعاون، فیصلہ سازی، ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے شب و روز محنت، باہمی تعاون اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے عمل کی تعریف کی۔

اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے کہا کہہ این سی او سی پلیٹ فارم کی بدولت گلگت بلتستان کو اپنے تجربات دوسرے صوبوں تک پہنچانے اور دوسرے صوبوں کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 100 دنوں میں اس وباء پر قابو پانے کے لئے جس طرح متحرک طریقے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا وہ واقعی قابل تحسین ہے، اس کی وجہ سے آج کورونا کیسز پورے ملک میں کم ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ تمام ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈکس، ریسکیو کے جوانوں، پولیس اور انتظامی سٹاف جو فرنٹ لائن پر اس عالمی وباء کا مقابلہ کر رہے ہیں، ان سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنا ایک چیلنج ہے، یہ مشکل وقت حکومت اور عوام کی کوشوں سے جلد ختم ہو جائے گا۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ اس مشکل مرحلے میں این سی او سی کے سنٹرلائزڈ پلیٹ فارم سے پالیسی حکمت عملی اور بروقت فیصلوں کی مدد سے اس وباء پر قابو پا سکیں ہیں۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر مطاہر نیاز رانا نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری اس کامیاب حکمت عملی کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محمد خرم آغا نے کہا کہ وفاق نے کورونا وائرس سے نمتنے کے لئے ہمیں بہت سارے طبی آلات فراہم کئے ہیں جس کی وجہ سے ہماری ٹیسٹنگ سہولیات تیزی سے چل رہی ہیں، ہماری صحت یابی کی شرح 70 سے 73 فیصد تک رہی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ اصل ہیرو پاکستان کے عوام ہیں، مذہبی رہنمائوں، کاورباری طبقے سمیت ہر طبقے نے ہمارا مکمل ساتھ دیا ہے، اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کو اس چیلنج سے نکالیں گے۔ آزاد کشمیر کی ڈاکٹر علینا نے کہا کہ بطور ڈاکٹر میرا مشورہ ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ لوگ خود کر سکتے ہیں۔ ہیلتھ ورکروں نے کہا کہ ہم این سی او سے یومیہ کی بنیاد پر ڈیٹا شیئر کرتے ہیں جہاں پالیسی سازی ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے بہتر گائیڈ لائنز دی ہیں جس سے اس وباء پر قابو پانے میں مدد ملی۔ چیف سیکرٹری سندھ کاظم جتوئی نے کہا کہ اس وباء کے دوران ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس نے فوری رسپانس دیا اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ سیکرٹری صحت بلوچستان دوستان خان جمالدینی نے کہا کہ احساس پروگرام پر عمل، کورونا ٹیسٹنگ اور پالیسی سازی میں این سی او سی کا بنیادی کردار ہے۔

سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر مدت شہزاد نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے ہوم آئسولیشن کے لئے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی ہے۔ سیکرٹری گلگت بلتستان راجہ رشید علی نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کی صلاحیت بڑھانا، ہیومن ریسورس کو بہتر بنانا، میڈیکل آلات کی فراہمی اور ہسپتالوں کی حالات زار کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔ رمضان چیپا، فیصل ایدھی، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے این سی او سی کی خدمات اور 100 دنوں میں ناقابل تصور اقدامات، پالیسی سازی میں معاونت اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں