سوشل سائنسٹسٹ، پارلیمنٹیرینز اور ماہرین کا کورونا وائرس کے بارے میں شعور پیدا کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، تحقیقی ایجنڈہ تیار کرنے، امن، رواداری، ہم آہنگی کی اقدار کو فروغ دینے، وبائی صورتحال کو موقع میں تبدیل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور

ہفتہ 4 جولائی 2020 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) معروف سوشل سائنسٹسٹ، پارلیمنٹیرینز اور ماہرین نے کورونا وائرس کے بارے میں شعور پیدا کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، تحقیقی ایجنڈہ تیار کرنے، امن، رواداری، ہم آہنگی کی اقدار کو فروغ دینے، وبائی صورتحال کو موقع میں تبدیل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔

ہفتہ کو "وبائی امراض کے دوران سوشل سائنسدانوں کا کردار" کے عنوان سے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سماجی علوم پاکستان نے گورنمنٹ کالج اور یونیورسٹی آف لاہور اشتراک سے ویبینار کا اہتمام کیا گیا۔ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سوشل سائنسدانوں اور پالیسی بنانے والوں کے مابین ایک موثر طریقہ کار تیار کرنے ، بہترین طریقوں سے سبق سیکھنے اور ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے پر قریبی بات چیت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور پر کورونا وائرس کے دوران اس کے ممبران اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی وابستگی سے متعدد مفید اقدامات اور پروگراموں کی شروعات کے لئے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کی کاوشوں اور کردار کی بھی تعریف کی۔ ویبینار کے مقررین میں سینیٹر مشاہد حسین سید ، چیئرمین سینیٹ آف پاکستان اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور خارجہ ، پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین، پرو ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، چیئرمین پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، ظفر اللہ خان، سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز، سابق وزیر تعلیم پنجاب میاں عمران مسعود ، وائس چانسلر یونیورسٹی برائے جنوبی ایشیاء، پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر سید طاہر حجازی، وائس چانسلر مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت، وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی جامشورو، پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ، پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، وائس چانسلر دی وومن یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو وومن یونیورسٹی پشاور، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب اور ندیم اکبر ڈائریکٹر اے آئی پی ایس نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم، پرو ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور نے اجلاس میں نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔

محمد مرتضیٰ نور، نیشنل کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سماجی علوم پاکستان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سیمینار میں ماہرین کی طرف سے دی گئی سفارشات پر عمل کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں