بلوچستان ، رواں سال میں صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 350.20 ملین روپے مختص

اتوار 5 جولائی 2020 12:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2020ء) بلوچستان حکومت رواں سال میں 350.20 ملین روپے صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختص کئے ہیں جس سے 12 نئے منصوبے شروع کیے جائیںگے۔ بلوچستان حکومت کے ایک عہدیدار نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال 2020-21ء میں 354.20 ملین روپے مختص کیے ہیں۔

بلوچستان حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں کینال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت نہر کے پانی کو صاف کرنے کے لئے ضلع سبی ، جعفرآباد ، نصیر آباد، استاد محمد اور صہبت پور کی آٹھ اسکیموں پر کینال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبکازئی ڈیم سے ژوب شہر کو پانی کی فراہمی کا کام جاری ہے اور کوئٹہ شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منگی ڈیم منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برج عزیز خان اور بابر کچ ڈیموں کی فزیبلٹی اسٹڈی فائدہ مند ثابت ہوئی ہے جس سے کوئٹہ شہر اور آس پاس کے علاقوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ عہدیدار نے بتایا کہ گوادر ، پسنی اور آس پاس کے علاقوں کو شادی کور ، اکرہ کور ڈیموں کے ذریعے پائپ لائنوں کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جو پہلے ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر تھا۔

مالی سال 2020-21ء میں صوبے میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے پینے کے پانی اور آبپاشی کے شعبے میں ترقی کے لئے 15.006 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے صوبے کے ہر ضلع میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں۔ عہدیدار نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹوں کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ''ہم سابقہ حکومت کے ذریعہ لگائے گئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹوں کی بحالی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کیونکہ سابقہ حکومت نے اس اہم مسئلے پر کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے کو حل کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہدف کے حصول اور صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں واٹر ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور صاف پانی سے متعلق منصوبوں کو شروع کرنے کے لئے فوری اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام ٹیوب ویلوں کو صوبائی کام میں رکھنے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو مقررہ وقت پر پانی مل سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں