رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ کی وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی پر الزام تراشی کا معاملہ،

پارٹی کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کا نوٹس، احمد حسین دیہڑ کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری

جمعہ 10 جولائی 2020 19:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ کی وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی پر الزام تراشی کے معاملہ پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ہدایات اور جماعتی آئین کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے نوٹس لے لیا ہے اور رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے ان سے فوری جواب طلب کر لیا۔

نوٹس قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے چیئرمین سلمان آفتاب کی جانب سے جاری کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے 8 جولائی کو سماء ٹی وی پر نشر ہونے والے انٹرویو میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف الزام تراشی کی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے نوٹس میں کہا ہے کہ آپ (احمد حسین دیہڑ) کا انٹرویو پاکستان تحریک انصاف کے آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، آپ کا طرزِ عمل رکن قومی اسمبلی کے منصب کی شان کے منافی اور جماعت کی حکمت عملی سے یکسر متصادم ہے، آپ 15 جولائی کو قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کی ذیلی کمیٹی کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، ذیلی کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر آپ اپنے انٹرویو اور اسکے مندرجات کی وضاحت پیش کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں