وفا قی پولیس کی کارروائیاں، خود کو پولیس ملازم ظاہر کرکے شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے چار ارکان سمیت13ملزمان گرفتار،مقدمات درج

بدھ 5 اگست 2020 23:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) وفا قی پولیس نے خود کو پولیس ملازم ظاہر کرکے شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے چار ارکان سمیت13ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے چھینی گئی نقدی، مو با ئل فون، اسلحہ معہ ایمو نیشن برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے ضلع بھر کے پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیا۔

ان ہدایات کی روشنی میں ایس پی رورل زون فاروق امجد بٹر نے اے ایس پی عثمان ٹیپو کی زیر نگرانی ایس ایچ اوتھانہ کھنہ انسپکٹرمرزا محمد گلفراز، سب انسپکٹر غلام مصطفی اور دیگر ملازمین پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے مدعی مقدمہ شاہد بوٹا کی اطلا ع پر ریڈ کرکے اپنے آپ کو پولیس ملازم ظاہر کرکے شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ڈکیت گروہ کے چار ارکان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزمان میںعادل اشتیاق ، عرفان مسیح، راحیل مسیح اور شارون مسیح شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی نقدی اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ دیگر کارروائیوں کے دوران شمس کالونی پولیس نے ملزم شہزاد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو مسروقہ موبائل فون برآمد کرلیے۔

گولڑہ پولیس نے چوری کی واردات میں دو ملزمان ارشد اور عامر کو گرفتار کرلیا ۔ ہومی سائیڈ پولیس نے تھانہ ترنول کے قتل کے مقدمے میں ملوث گرفتار ملزم ارشد خان کے انکشاف و نشاندہی پر آلہ قتل پستول 30بور معہ ایمونیشن برآمد کرلیا ۔ ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مجرمان اشتہاری و عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی مہم کے دوران پانچ مجرمان اشتہاری کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد وقار الدین سید نے پولیس ٹیموں میں شامل افسران و ملازمان کی اس اچھی کارکردگی کوسراہتے ہو ئے تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت جاری کر تے ہو ئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کر یک ڈائون کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں اور ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا ئیں جومعاشرے کا امن وسکون برباد کر نے پر تلے ہو ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے انسداد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ،پٹرولنگ کو مزید سخت کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کی غفلت لاپرواہی برداشت نہیں کی جا ئے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں