وزیراعظم عمران خان نے موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو معاشی اور کورونا بحران جیسے چیلنجز سے نکالا ہے،

حکومت صحیح سمت کی جانب گامزن ہے اور اسے اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعہ 7 اگست 2020 23:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شوذب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے جو اے پی سی ، اے پی سی کھیلتی رہتی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو معاشی اور کورونا بحران جیسے چیلنجز سے نکالا ہے، حکومت صحیح سمت کی جانب گامزن ہے اور اسے اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ہمیشہ اپنی حکمت عملی کے تحت چلتا ہے اور وہ اپنے اہداف کا ذمہ دار ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس ادارے کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی انتقام لینے کے طور پر استعمال کیا تاہم موجودہ حکومت نے نیب سمیت تمام قومی اداروں کو آزاد کیا ہے اور وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کنول شوذب نے کہا کہ مریم نواز شریف کہتی تھیں کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے لیکن ان کی پاکستان اور لندن میں جائیدادیں نکل آئی ہیں اب نیب کیا کر سکتا ہے، اسے مریم نواز کو تو بلانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی اور بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، نیب کا حکومتی ارکان کو بلانا اچھی بات ہے، جو بھی بدعنوانی میں ملوث ہو اس کی تحقیقات ہونی چاہییں۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ ساری جماعتیں پارلیمنٹ میں بیٹھی ہوئی ہیں، وہاں سے اٹھ کر اے پی سی کی باتیں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور ان کا غیرجمہوری رویہ سب کے سامنے ہے، اپوزیشن کی اے پی سی عوام کیلئے نہیں ہے اسلئے عوام بھی انہیں سنجیدہ نہیں لیتی، ان کی اے پی سی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔

کنول شوذب نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر تنقید کی لیکن وقت نے ان کی حکمت عملی کو درست ثابت کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم اور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، حکومت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے اور اسے اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں