سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ‘ کووڈ 19 کے خلاف این سی او سی اور وفاقی یونٹس کی مشترکہ کاوشوں کی تعریف

ہفتہ 8 اگست 2020 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے جمعہ کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا اور کووڈ 19 کے خلاف این سی او سی اور وفاقی یونٹس کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ سینیٹ کے وفد کی سربراہی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال نے کی۔ چیئرمین این سی او سی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے سینیٹ کے وفد کو این سی او سی اقدامات اور فیڈریشن یونٹس کے ساتھ تعاون سے کورونا وائرس پھیلنے پر قابو پانے کے بارے میں بریف کیا۔

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ COVID سے متعلق تمام پالیسی اور فیصلے تمام فیڈریشن یونٹس کے باہمی اتفاق رائے سے کئے جارہے ہیں جہاں اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت اور رکاوٹ پیش نہیں آئی۔

(جاری ہے)

سینیٹر ولید اقبال نے وبائی مرض کا مقابلہ کرنے میں سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد پر این سی او سی اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر ولید اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ این سی او سی مضبوط سول فوجی تعاون کا مرکز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی کے اقدامات کی بدولت عوام کو رضاکارانہ طور پر رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملی۔ جس کی وجہ سے کرونا کی وباء میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سینیٹرز نے پوری این سی او سی ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور فورم کے سامنے اپنی تجاویز اور گذارشات پیش کیں۔ نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او لیفٹیننٹ جنرل حمود از زمان ، وفاقی وزیر برائے داخلہ بریگیڈ (ر) اعجاز احمد شاہ ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ، جبکہ سینیٹرز ولید اقبال ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، انور الحق کاکڑ ، مشاہد حسین سید ، سجاد حسین طوری ، عبد الرحمن ملک اور مشتاق احمد خان نے اجلاس میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں