مریم نواز کی گاڑی پرحملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس کی ذمہ داروفاقی حکومت ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

منگل 11 اگست 2020 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2020ء) ممبرقومی اسمبلی وجنرل سیکٹری مسلم لیگ ن کے پی کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی گاڑی پرحملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس کی ذمہ داروفاقی حکومت ہے۔حملے کا مقصد مریم نواز کو نقصان پہنچانا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ایمائ پر یہ منصوبہ تیار کیا گیا کیونکہ موجودہ حکومت محترمہ مریم نواز کی مقبولیت سے اتنی خائف ہے کہ جب بھی مریم نواز باہر نکلتی ہیں تو حکومت کے ہاتھ پائوں پھو ل جاتے ہیں اس کی ایک مثال ہم نے گزشتہ روز بھی دیکھی۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ محترمہ مریم نواز پر حملہ مسلم لیگی کارکنوں کو ڈرانے کیلئے بھی تھا لیکن ایسے ہتھکنڈے لیگی کارکنوں کو مرعوب نہیں کر سکتے پوری قوم ملک میں حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے آنے والا دور مسلم لیگ ن کاہوگا پاکستان قوم کوآج میاں محمد نواز شریف کا دور یاد آرہا ہے جب ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں