مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا واقعہ حکومت کے خلاف سازش ہو سکتی ہے،

معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، نیب کے قوانین میں ترامیم وقت کی ضرورت ہے، نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق اپوزیشن کی تجاویز قابل قبول نہیں ہیں، پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سید علی ظفر کی پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

منگل 11 اگست 2020 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا واقعہ افسوسناک ہے، واقعہ ن لیگ کی طرف سے حکومت کے خلاف سازش بھی ہو سکتی ہے اسلئے معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

منگل کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران نیب کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی انتقام لینے کے طور پر استعمال کیا اسلئے اب بھی یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ موجودہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کے خلاف سیاسی انتقام لے رہی ہے جو کہ غلط ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ نیب سابقہ حکومتوں کی طرف سے بنائے گئے قوانین کے تحت بدعنوان عناصر کے خلاف آزادانہ طور پر تحقیقات کر رہا ہے اور موجودہ حکومت کی اس کے کاموں پر کوئی مداخلت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے قوانین میں خامیاں ہیں، اس ادارے کی خوداحتسابی کا کوئی نظام نہیں ہے اور نیب ایسے کیسز کی بھی تحقیقات شروع کر دیتا ہے جو اس کے دائرہ کار میں نہیں ہوتے، ماضی کے تجربات کی روشنی میں اس کے قانون میں ترامیم وقت کی ضرورت ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نیب کے قوانین میں مزید بہتری کیلئے سنجیدہ ہے اور اس نے آرڈیننس لانے کا اقدام بھی اٹھایا تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں نے ساتھ نہ دیا، اپوزیشن جماعتوں نے نیب قوانین میں ترامیم کیلئے جو تجاویز دی ہیں وہ قابل قبول نہیں ہیں، اگر اپوزیشن کی تجاویز مان لیں تو یہ احتساب کا ادارہ بے اختیار ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک کے بڑے مسائل ہیں، راتوں رات حل نہیں ہو سکتے، کے الیکٹرک کو خود بھی اس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت بھی کے الیکٹرک کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاہم اس میں وقت لگے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز ضمانت پر رہا ہوئی ہیں کیسز ابھی ختم نہیں ہوئے، انہیں پریس کانفرنسز کے دوران احتیاط برتنی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں