وزارت قومی صحت نے یوم آزادی پروگراموں کے دوران کووڈ۔19 سے بچنے کیلئے رہنما اصول فراہم کردیئے

منگل 11 اگست 2020 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) وزارت قومی صحت نے یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ پروگراموں کے دوران باہمی میل جول سے ہونے والی کووڈ۔19 وائرس کی منتقلی سے بچنے کیلئے رہنما اصول فراہم کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق باہمی میل جول کے نتیجہ میں کورونا وائرس نے دنیا بھر کو متاثر کیا ہے۔ یوم آزادی 14 اگست کو منایا جائے گا۔

اس سال خدشہ ہے کہ تقریبات سے وائرس بڑھ سکتا ہے، ایسے موقع پر احتیاطی تدابیر بیماری کے پھیلائو کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کووڈ۔19 کی وبا کے دوران یوم آزادی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرن اضروری ہیں۔ اجتماعی پروگراموں میں کووڈ۔19 پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ سب سے کم خطرہ صرف انٹرنیٹ پر ہونے والی سرگرمیوں اور پروگراموں سے ہوتا ہے تاہم یوم آزادی کے تناظر میں لوگوں کو کورونا وائرس کی منتقلی اور کووڈ۔

(جاری ہے)

19 کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تقریبات اور اجتماعات کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنایا جائے۔ براہ راست چھونے والی تمام سطحوں کو ایسے جراثیم کش محلول سے صاف اور جراثیم سے پاک بنایا جائے جو کورونا اور دوسرے وائرس کو ہلاک کرنے میں مفید ثابت ہو۔ غسل خانوں کو بھی متواتر صاف اور جراثیم سے پاک کیا جائے۔ مختلف لوگوں کے استعمال میں آنے والی اشیاء جیسے مائیکرو فون،سپیکر کو متواتر اور ہر استعمال کے بعد صاف کیا جائے۔

صفائی کی مصنوعات سے نکلنے والے زہریلے بخارات سے خود اور اردگرد والوں کو بچانے کیلئے ان مصنوعات کا استعمال کرتے وقت ہوائی بھرپور آمدورفت کو یقینی بنائیں۔ کچرے کے تھیلے یا کوڑے دان کو خالی اور ضائع کرتے وقت ڈسپوزایبل دستانوں کا استعمال کریں۔ دستانے استعمال کرنے کے بعد انہیں کوڑے دان میں پھینک دیں۔ یقنی بنائیں کہ ہوا داری کا نظام صحیح طریقہ سے چل رہا ہو۔

آپس میں فاصلہ رکھیں، چھوٹی اجتماعی سرگرمیوں کیلئے بھی بڑے کمروں کا انتخاب کریں۔ متعدد داخلی اور خارجی راستوں کا استعمال کریں اور انتظار کی جگہوں پر ہجوم لگانے سے اجتناب برتا جائے۔ نشستوں کی ترتیب یا جگہ کی دستیابی کو ایسے بنائیں کہ لوگوں کے درمیان کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ موجود رہے۔ وزارت صحت مندرجہ بالا ہدایات کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہی ہے اور بین الاقوامی اور قومی تجاویز اور بہترین طریقہ کار کی بناء پر ان کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں