گمراہ کن اطلاعات پھیلانا اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا سفارتی اقدار کے برعکس ، سیاسی تعلقات کے ضابطہ کے لئے بھی مددگار نہیں۔ترجمان دفتر خارجہ

پیر 21 ستمبر 2020 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی سینئر سفارتکار کے ویزہ کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے سوالات پر کہا ہے کہ گمراہ کن اطلاعات پھیلانا اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا نہ صرف سفارتی اقدار کے برعکس ہے بلکہ سیاسی تعلقات کے ضابطے کے لئے بھی مددگار نہیں ہے۔ اتوار کو ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کے بعض حلقوں میں بھارتی امور خارجہ کی وزارت کے ذرائع کا حوالہ دیا گیا جس میں سینئر بھارتی سفارتکار جینت کھوبرا گڈے کو بھارتی ہائی کمیشن میں ناظم الامور تعینات کرنے اور ویزہ جاری کرنے کی ذمہ داری سونپے کی بھارتی تجویز کا ذکر کیا گیا ہے کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کی سطح میں کمی لانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے، تعلقات میں کمی لانے کا مقصد پاکستان کی جانب سے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی، غیر انسانی اور ناقابل قبول کارروائیوں کی شدید مذمت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایک سینئر سفارتکار جو پہلے ہی بھارت کی جانب سے بطور سفیر تعینات رہ چکا ہو، اس کو اس ذمہ داری پر تعینات کرنے کی سفارش کرنا سفارتی تعلقات کی سطح میں کمی کے پاکستان کے فیصلے کے برعکس ہے اور پاکستان کے فیصلے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ترجمان نے کہا کہ تاہم سفارتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے سفارتی تعلقات کی سطح میں کمی کے فیصلے سے مطابقت رکھنے والے کسی افسر کو تعینات کرے۔

جہاں تک ہندوستانی میڈیا کے خدشات کا تعلق ہے کہ کھوبراگڈے کو ویزے کی فراہمی کا معاملہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید غیر مستحکم کر دے گا، اس کے لئے واضح کیا جاتا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے غیر جانبدارانہ حل سے منسلک ہے اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پائیدار حل جنوب ایشیاء کے خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے جس کے تحت بھارت کو ایک مرتبہ پھر جموں و کشمیر کے مسئلے کے حوالہ سے اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام اور عالمی برادری کی آواز سننا ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں