ڈیلی ویجز ملازمین کو بورڈ کی منظوری سے ریگولر کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے، چوہدری محمد یاسین

چئرمین سی ڈی اے بورڈ سے ان ملازمین کی ریگولرائزیش کی منظوری کے بعد فوری طور پر ان ملازمین کو ریگولر کرنے کے عمل کو مکمل کریں، قائدین مزدور یونین

پیر 21 ستمبر 2020 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) سی ڈی اے مزدور یونین کے قائدین چوہدری محمد یاسین، اورنگزیب خان، راجہ شاکر زمان کیانی، چوہدری ارشد، حاجی صابر،احمد علی شیرازی، سردار آصف، اسد محمود، ملک سرفراز، راجہ محمد رفیق، چوہدری زاہد، ملک کمال، عارف خان، طارق آفریدی، عرفان خان و دیگر نے سی ڈی اے بورڈ کی طرف سے سی ڈی اے میں کام کرنے والے 786 ڈیلی ویجز ملازمین کو مزدور یونین کے 2009 کے معاہدے کے تحت ریگولر کرنے کی منظوری دینے پر چئیرمین سی ڈی اے عامر احمد علی، ممبر ایڈمن اور تمام سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو بورڈ کی منظوری سے ریگولر کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے۔

مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ مزدور یونین کے دور میں 2009 کے معاہدے کے تحت سی ڈی اے میں کام کرنے والے تین ہزار سے ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا گیا لیکن نااہل سی بی اے اپنے دور میں ان ڈیلی ویجز مسٹر رول اور کنٹریکٹ ملازمین کو سی ڈی اے مزدور یونین کا معاہدہ ہونے کے باوجود ریگولر کرانے میں کوئی کردار ادا نہ کر سکی اور ان ڈیلی ویجز ملازمین کو اپنے حق کے لیے NIRC اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں جانا پڑا اور عدالتوں نے ان ملازمین کے حق میں واضح فیصلہ دیا لیکن موجودہ نا اہل سی بی اے اور سی ڈی اے انتظامیہ جو کہ ملی بھگت سے اپنے ذاتی لوگوں کو بھرتی کرنا چاہتی تھی انہوں نے سی ڈی اے میں بذریعہ اخبار بھرتی کا نیا اشتہار جاری کرادیا۔

(جاری ہے)

جس پر ان ڈیلی ویجز ملازمین نے متحد ہو کر نہ صرف بھر پور احتجاج کیا بلکہ نا اہل سی بی اے کے خلاف اپنے غم و غصے کا بھر پور اظہار کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نا اہل سی بی اور سی ڈی اے انتظامیہ کی ڈیلی ویجز ملازمین کے خلاف سازش کو ناکام بناتے ہوئے فیصلہ دیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ سی ڈی اے بورڈ سے ان ملازمین کو ریگولر کرنے کی منظوری دے کر عدالت میں اپنا جواب جمع کرائے۔

جس کے بعد سی ڈی اے بورڈ نے 2017 کی مزدور دشمن پالیسی کو ختم کرتے ہوئے بذریعہ سی ڈی اے بور ڈ ان 786 ملازمین کو سی ڈی اے مزدور یونین کے 2009 کے انتظامیہ کے ساتھ موجود معاہدے کے مطابق ریگولر کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چئیرمین سی ڈی اے، بورڈ ممبران اور انتظامیہ سمیت اسلام آباد ہائی کورٹ کو اس فیصلے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور تمام ڈیلی ویجز مسڑ رول اور کنٹریکٹ ملازمین کو اپنے حقوق کی طویل جدوجہد کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ چئرمین سی ڈی اے بورڈ سے ان ملازمین کی ریگولرائزیش کی منظوری کے بعد فوری طور پر ان ملازمین کو ریگولر کرنے کے عمل کو مکمل کریں اور اگر اب بھی نااہل سی بی اے یا کسی مزدور دشمن نے ان ڈیلی ویجز ملازمین کی ریگولرائزیشن میں کسی قسم کی رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو سی ڈی اے مزدور یونین ان کے راستے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو گی۔

سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ڈیلی ویجز ملازمین سمیت تمام محنت کشو ں کے حقوق کی جنگ لڑی اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ بھی اپنے ملازمین کے حقوق کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں