سپریم کورٹ نے طلحہ ہارون کو تا حکم ثانی امریکہ کے حوالے کرنے سے روک دیا،امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے ملزمان کے تبادلوں سے متعلق کیے گئے معاہدوں کی تفصیلات طلب کر لیں

منگل 22 ستمبر 2020 00:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کی جانب سے ملزمان کے تبادلوں سے متعلق کیے گئے معاہدوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ سے کتنے ملزمان پاکستان لائے گئے اور کتنے حوالے کئے گئی امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کے معاہدے کیا ہیں اس حوالے سے تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں۔

سپریم کورٹ نے نیویارک ٹائمز سکوائر حملہ کے ملزم طلحہ ہارون کو تا حکم ثانی امریکہ کے حوالے کرنے سے روک دیا ہے۔ پیر کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نیویارک ٹائمز سکوائر حملہ کے ملزم طلحہ ہارون کی جانب سے دائر در خواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار ملزم طلحہ ہارون کے وکیل طارق محمود نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے قرار دیا کہ اس کیس میں شواہد قابل قبول نہیں، انٹراکورٹ اپیل میں عدالت عالیہ نے جرم کا تعین انکوائری مجسٹریٹ پر چھوڑ دیا، خدشہ ہے انکوائری مجسٹریٹ برائے نام کارروائی کرکے میرے موکل کو امریکہ کے حوالے کر دے گا۔

دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ اگر پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ نہیں تو حوالگی کیسے ہو سکتی ایسے کون سے شواہد ہیں جن کی بنیاد پر ملزم طلحہ کو امریکہ کے حوالے کیا جائی پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، ایسے کیسے اپنا شہری کسی کو دیدیں، اپنے شہریوں کا تحفظ ضرور کریں گے لیکن قانون کے مطابق عدالت عظمیٰ نے نیویارک ٹائمز سکوائر حملہ کے ملزم طلحہ ہارون کو تاحکم ثانی امریکہ کے حوالے کرنے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے۔

سپریم کورٹ نے امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ ملزمان کے تبادلوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ سے کتنے ملزمان پاکستان لائے گئے اور کتنے ان کے حوالے کئے گئی اس حوالے سے تفصیلات پیش کی جائیں۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں